واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے، فائل فوٹو
 واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے، فائل فوٹو

گلستان جوہر میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے رینجرز اہلکار قتل

کراچی(رپورٹ:کاشف ہاشمی)گلستان جوہرمیں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے رینجرز کا اہلکار جاں بحق ہوگیا ، پولیس اور حساس اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ، دو مختلف ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی ، شہر کے مختلف علاقو ں میں ڈکیتی مزاحمت و فائرنگ کے دیگر کے واقعات میں بچی سمیت 5افراد زخمی ہوگئے

شاہراہ فیصل کے علاقے گلستان جوہر ملینیم  مال نزد سی او ڈی کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیااورفرار ہوگئے ، اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچی،پولیس نے موقع معائنے کے بعد لاش کو ایمبولنس کی مددسے جناح اسپتال منتقل کیا ، اس حوالےسے ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی اورایس ایچ او ملک اسحاق نے امت کو بتایاکہ مقتول کی شناخت 41سالہ خالد حسین کے نام سے ہوئی جوکہ رینجرزکا اہلکار تھا اور رینجرز ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھا وہ نائٹ پاس چھٹی لیکر نکلا تھا ،

انھوں نے بتایاکہ ابتدائی طورپر واقعہ ڈکیتی مزاحمت بتایا گیا تھا لیکن ڈکیتی کے کوئی شواہد نہیں ملے مقتول کے پاس اس کی تمام چیزیں موجود تھیں

پولیس کو عینی شاہدین نے بتایاکہ موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے مقتول کو قریب سے دو گولیاں ماریں، اس حوالے سے ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ مقتول کے ایک گولی سینے اور ایک گولی ہاتھ پر لگی ہے دونوں گولیوں کے خول پولیس نے اپنی تحویل میں کرلئے ، ایک خول نائن ایم ایم پستول کا تھا اور دوسرا تیس بور پستول کا خول ملاہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ملزمان نے ہی فائرنگ کی ہے

رینجرز ذرائع کا کہنا تھاکہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت بتایاجاتاہے ، ایس ایچ او نے اس حوالےسے بتایاکہ مقتول کا آبائی تعلق اندرون سندھ سے تھا چند سال قبل اس کے بھائی کو اندرون سندھ میں قتل کردیا تھا شبہ ہے کہ مذکورہ واقعہ اس کے بھائی کے قتل کی کڑی ہوسکتی ہے ،

پولیس جائے وقوع کےقریب سی سی ٹی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے، پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش کا عمل جاری ہے ، پولیس نے   واقعے سے متعلق اس کے اہلخانہ سے رابطے بھی شروع کردیئے ہیں ۔

دریں اثنا گلشن معمار کے علاقے گارڈن سٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کے تین افراد کو زخمی کردیا ،اس واقعے کی اطلاع پر ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا تاہم پولیس تاخیر سے پہنچی جس کے باعث زخمیو ں کو ایمبولنس میں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں  مضروبین کی شناخت 30سالہ انس ادریس ، 28سالہ عثمان مناف اور 40سالہ اسلم امین کے نام سے ہوئی ،

اسپتال ذرائع کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا تاہم پولیس مزید معلومات کررہی ہے ،

زمان ٹاون کے علاقے کورنگی نمبر 6میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر 13سالہ وردہ دختر محمد یاسین زخمی ہوگئی جسے جناح اسپتال میں طبی امداد جارہی ہے ،

علاوہ ازیں اس تھانے کی حدود کورنگی نمبر ایک میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 30سالہ رمیز علی ولد بشیر کو شدید زخمی کردیا جسے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا