اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے بعد اسلام آباد پولیس کا مؤقف سامنے آگیا، جس میں کہا گیا ہے کہ آئینی ادارے اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کو پنجاب پولیس نے گرفتار کیا، وہ پنجاب پولیس کی ہی حراست میں ہیں۔
اسلام اباد پولیس نے مزید کہا کہ راہداری ریمانڈ کے بعد فواد چوہدری کی تحویل اسلام آباد پولیس کو دی جائے گی، اسلام آباد پہنچنے پر فواد چوہدری کو جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص راجہ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
فواد چوہدری نے آئینی اداروں کے خلاف شرانگیزی پیدا کرنے اور لوگوں کے جذبات مشتعل کرنے کی کوشش کی ہے۔
مقدمے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
2/2#ICTP— Islamabad Police (@ICT_Police) January 25, 2023
واضح رہے کہ فواد چودری کو علی الصبح حراست میں لیا گیا تھا، ان کے خلاف سیکریٹری الیکشن کمیشن عمرحمید کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق فواد چوہدری نے اشتعال انگیز تقریر کی اور کہا کہ ”الیکشن کمیشن کی حیثیت ایک منشی کی ہے، الیکشن کمشنر کلرک کی طرح سائن کردیتا ہے، آپ کا پیچھا سزا دلوانے تک کریں گے، پاکستان کے عوام اس ظلم کو معاف نہیں کریں گے“۔