میری آواز بھی بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عمران خان

لاہور(امت نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کو محض الیکشن کمیشن پر تنقید کےالزام میں گرفتارکیا گیا ۔ فواد چوہدری نے کسی کو منشی کہہ دیا تو کون سا جرم کردیا۔میری آواز بھی بند کرنےکی کوشش کی جارہی ہے ۔مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں، موت بہت قریب سے دیکھی ہے۔اپنے وڈیو خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑا ہونا جہاد ہے، مدینہ کی ریاست میں عدل و انصاف آیا پھر خوشحالی آئی، نیلسن منڈیلا نے پتے کی بات کی غربت کم کرنی ہے تو پہلے انصاف لے کر آؤ۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور وکلا برادری سے مخاطب ہوں، اللہ نے آپ کو بڑی ذمہ داری سونپی ہے، جس طرف یہ لے کر جا رہے ہیں ملک کا کوئی مستقبل نہیں، قانون و انصاف کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، معزز ججز اور وکلا سے اپیل کر رہا ہوں، میں آپ سب کیلئے کھڑا ہوں، میری ساری جدوجہد آپ کیلئے ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ میری آواز بھی بند کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے، فواد چوہدری کو کیوں گرفتار کیا گیا؟ قوم کو کہہ رہا ہوں آپ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے، آپ اللہ کے بعد اس ملک کے وارث ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ میں یقین دلاتا ہوں مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں ہے، موت بہت قریب سے دیکھی ہے، جب اللہ کا فیصلہ ہوگا، ٹائم نہ آگے ہوگا نہ پیچھے، مجھے اس کی کوئی فکر نہیں، مجھے جیل لیکر جانے لگے ہیں اس کی کوئی فکر نہیں، آپ کو بھی جیل سے ڈرنا نہیں چاہیے، کتنوں کو جیل میں ڈالیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ عدلیہ کے پاس کیس لیکر جا رہے ہیں، انصاف کی توقع رکھتے ہیں، مشرف مارشل لا میں مجھے جیل میں ڈالا گیا لیکن اس طرح کے حالات کبھی نہیں دیکھے، افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے ہماری عدلیہ نے ہماری بنیادی حقوق کی حفاظت نہیں کی۔