وزیراعظم کا امریکا سے تجارتی تعلقات وسیع کرنے کا عزم

اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ اور انہیں مزید وسیع کرنے کا عزم ظاہر کیاہے

وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اسلام آباد میں ملاقات کی، اس ملاقات کے دوران وزیراعظم نے جنیوا میں حال ہی میں منعقدہ بین الاقوامی رزیلینٹ پاکستان کانفرنس اور سیلاب کے بعد پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی کی کوششوں کے لیے امریکا کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، انہوں نے پاکستان کے امریکا کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

امریکی سفیر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان منظم اور وسیع رابطے دوطرفہ اور علاقائی شعبوں میں دونوں ممالک کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے عمل کے حوالے سے اہم ہیں۔

اس موقع پر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ امریکا سیلاب سے بحالی کے علاوہ پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے پاکستان کی حکومت کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔