کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات و دیگرواقعات میں مزدور سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے،جبکہ سرجانی میں گھر سے ایک شخص کی 2 روزہ پرانی لاش ملی۔تفصیلات کے مطابق بریگیڈ کے علاقے ایم اے جناح روڈ نزد نمائش چورنگی کے قریب تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔متوفی کی شناخت 19 سالہ مرتضیٰ ولد شاہد کے نام سے ہوئی۔کلری کے علاقے مچھر کالونی نزد نالا اسٹاپ کے قریب تیز رفتار ٹرالرکا کنٹینر قریب سے گزرنے والے سائیکل سوار پر گرگیا،جس کے تلے وہ دب کر شدید زخمی ہوگیا،جبکہ سائیکل تباہ ہوگئی۔ایس ایچ او اسد آغا کے مطابق کافی جدوجہد کے بعد ٹریلر تلے دبے شخص کو زندہ حالت میں نکال کر علاج کے لئے سول اسپتال منتقل کیا، جو دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔متوفی کی شناخت 60 سالہ محمد اسلم اکبر کے نام سے ہوئی،جو مچھرکالونی کا رہائشی تھا۔ڈرائیور فرار ہوگیا اور ٹرالر پولیس نے تحویل میں لے لیا۔سٹی ریلوے اسٹیشن کی حددو ریتی لائن کے قریب ریلوے ٹریک پر ٹرین کی زد میں آ کرایک شخص چل بسا۔متوفی کی عمر 53 برس کے قریب بتائی جاتی ہے۔گڈاپ سٹی کے علاقے سپرہائی وے پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں زیر تعمیر عمارت میں کام کے دوران مزدور کے سر پر سیمنٹ کا بلاک گرنے سے وہ موقع پردم توڑ گیا۔متوفی کی شناخت 37 سالہ محمد عاشق ولد غلام حیدر کے نام سے ہوئی۔سرجانی کے علاقے سرجانی تیسر ٹاؤن سیکٹر بی اکیاون کے ایک گھر سے 2 روز پرانی لاش ملی۔پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 45 سالہ طارق ایوب کے نام سے ہوئی۔بظاہر موت طبعی معلوم ہوتی ہے۔