کراچی(اسٹاف رپورٹر)اورنگی میں گھر کی دہلیز پر لوٹ مار ڈاکوؤں کو مہنگی پڑ گئی۔شہری نے ایک ڈکیت کو دبوچ لیا،جسے چھڑانے کے لئے ساتھی نے فائرنگ کی،جس کی زد میں آکر ملزم ہلاک ہوگیا،جب کہ شہری نے ملزم کا پستول چھین کر فائرنگ کردی،جس سے دوسرا ملزم زخمی ہوکر فرار ہوگیا۔ پولیس نے زخمی ملزم کو اسپتال سے پکڑلیا۔علاوہ ازیں پولیس نے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے دوران 8 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹاؤن رئیس امروہی کالونی معصوم آباد گلی نمبر 8 میں جمعرات کی دوپہر ساڑھے 3 بجے موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان آئے۔ایک ملزم موٹرسائیکل پر بیٹھا رہا اور دوسرے ملزم نے گھر کے باہر کھڑے شہری رفعت اللہ سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی۔
ایس ایچ او اقبال مارکیٹ امین مغل کے مطابق شہری اور ایک ڈاکو گتھم گتھا ہوگئے۔ڈاکو نے شہری کو پستول کے بٹ سر پر مارے، جس سے وہ لہولہان ہوگیا،جبکہ ملزم فائرنگ اس لیے نہیں کرسکا کہ گولی چیمبر میں پھنس گئی۔ایس ایچ او کے مطابق موٹرسائیکل پر موجود دوسرے ملزم نے اپنے ساتھی کو چھڑانے کے لئے شہری پر فائرنگ کی جو اس کے ساتھی کو لگی اور وہ ہلاک ہوگیا۔شہری نے ملزم سے پستول چھین کر اس کے ساتھی پر فائرنگ کی جو گولی لگنے سے زخمی ہوا اور فرار ہوگیا۔ایس ایچ او کے مطابق اس دوران فرار ہونے والا ڈکیت عباسی اسپتال پہنچا اور بتایا کہ اسے اندھی گولی لگی ہے،تاہم اسپتال میں موجود عملے اور زخمی رفعت اللہ نے ملزم کوپہچان لیا،جس پر اسے اسپتال سے گرفتارکرلیا گیا۔ایس ایچ او کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی۔اس کی عمر 24 سال کے قریب ہے،جو شکل و صورت سے پٹھان معلوم ہوتا ہے۔اسپتال سے گرفتارملزم کی شناخت زمان کے نام سے ہوئی ۔ہلاک ملزم سے غیر قانونی پستول،اورنگی کے علاقے میں شہری حسین ولد اختر بیگ سے اسلحے کے زور پر چھینا جانے والا موبائل فون،شناختی گارڈ ،موٹرسائیکل کے کاغذات برآمد ہوئے۔ایس ایچ او کے مطابق دونوں ملزمان اورنگی کے مختلف علاقوں میں چار سے پانچ وارداتیں کرتے ہوئے مذکورہ مقام پر پہنچے تھے۔
انہیں رفعت اللہ سے لوٹ مار مہنگی پڑ گئی۔سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے خمیسو پل سپر ہائی وے کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد 2 ملزموں ارسلان اور بلال کو زخمی حالت مین گرفتار کرکے 2 پستول ،ایک موٹر سائیکل،5 چھینے ہوئے موبائل فون اور نقدی برآمد کرلیا۔ملزمان راہگیروں سے لوٹ مار کرہے تھے۔فیروز آباد پولیس نے طارق روڈ رحمانیہ مسجد کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ملزم ثنا اللہ ولد گل خان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔نارتھ ناظم آباد اصغر علی شاہ اسٹیڈیم کے قریب پولیس مے مقابلے کے بعد 2 ملزمان ذوالفقار عرف زلفی اور فیاض کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی سیکٹر 51 کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد 3 زخمی ملزمان عرفان ، زاہد اور عمران کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے 3 پستول،چھینے ہوئے موبائل فون،موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔