کراچی(امت نیوز) جامعہ کراچی میں نئے لیکچرار کے خلاف مقدمے پر انجمن اساتذہ کی اپیل پر ہڑتال کے دوسرے روز بھی تدریسی عمل مکمل معطل رہا۔
انجمن اساتذہ کی 4 روزہ ہڑتال کے دوسرے روز آفیسرز، ملازمین اور طلبہ تنظیموں نے اساتذہ سے اظہار یکجہتی کیا۔اوراساتذہ کے سلیکشن بورڈ اور مالی مسائل کو پوری یونیورسٹی کا مشترکہ مسئلہ قرار دیا۔
انجمن اساتذہ کے معتمد ڈاکٹر فیضان الحسن نقوی نے کہا کہ انجمنِ اساتذہ گزشتہ چار سال سے لیو انکیشمنٹ ، ملازمین کی پروموشن، پے فکسیشن، ریٹائرڈ ڈائریکٹر سے متعلق ملازمین اور افسران کی ہر جدوجہد میں شانہ بشانہ ہے اور آج کا اجلاس اس اتحاد کا مظہر ہے۔
اسلامی جمعیت طلبہ، اے پی ایم ایس او، پختون اسٹوڈنٹ کونسل، بلوچستان اسٹوڈنٹ فرنٹ اور دیگر طلبہ تنظیموں کے نمائندوں نے بھی اساتذہ کے مطالبات سے اظہار یکجہتی کیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز جامعہ کراچی میں سلیکشن بورڈ کے انعقاد اور گزشتہ ماہ شعبہ اِبلاغ عامہ کے 2014 کے تحت بھرتی ہونے والے نئے لیکچررز کے خلاف مقدمہ واپس لینے کے مطالبے پر ہڑتال کی گئی تھی۔