واشنگٹن: امریکا میں 16 سال پرانا آئی فون 1.64 کروڑ روپے کے برابر ڈالرز میں فروخت کردیا گیا۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایک شخص نے امریکا میں 63 ہزار ڈالرز (ایک کروڑ 64 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں اوریجنل آئی فون خرید لیا۔
آئی فون کے اس فرسٹ ایڈیشن کی بولی رواں ماہ کے آغاز میں 2.5 ہزار ڈالر سے شروع ہوئی تھی جو 19 ڈالر کو 63 ہزار 356 ڈالرز میں فروخت ہوگیا جب کہ نیلامی کرنے والے ادارے کو امید تھی کہ یہ 16 برس پرانا یہ فون تقریباً 50 ہزار ڈالرز میں فروخت ہو جائے گا۔
یہ فون ایک خاتون کیرن گرین کی ملکیت تھا جو ان کو 2007 میں تحفے کے طور پر ملا تھا، مگر وہ فون کنکشن کے مسائل کے باعث اسے استعمال نہیں کرسکیں اور الماری میں رکھ کر بھول گئیں۔اب انہوں نے اسے نیلامی کے لیے پیش کیا تھا تاکہ اپنے کاروبار کے لیے رقم جمع کر سکیں۔
واضح رہے کہ 8 جی بی اسٹوریج والا یہ آئی فون 2007 میں 599 ڈالرز میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ اس فون میں 3.5 انچ کا ڈسپلے اور 2 میگا پکسل کیمرا موجود ہے۔ اس کے مقابلے میں نئے آئی فون 14 میں 128 جی بی اسٹوریج اور 12 میگا پکسل مین کیمرے کے ساتھ ایک الٹرا وائیڈ لینس بھی دیا گیا ہے۔