گورنرخیبرپختونخوا نے صدرکیخلاف آئین شکنی کارروائی کی مخالفت کردی

پشاور(امت نیوز) گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نےصدر مملکت عارف علوی کے خلاف آئین شکنی کی کارروائی کی مخالفت کردی ۔ کہا کہ ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی غلام علی نے کہا کہ صدر اور الیکشن کمیشن کوبٹھا کر الیکشن پرمشاورت کرناچاہتا تھا لیکن کامیاب نہ ہوا، اب انتخابات پر مشاورت کے لیے الیکشن کمیشن جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات پر الیکشن کمیشن کے خط پرصوبائی حکومت سے مشاورت کی،  نگران صوبائی حکومت کے تحفظات سے الیکشن کمیشن کو  آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سب کو تاریخ کی فکر ہے، میں نے الیکشن تاریخ بھی دینی ہے اور تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہے، آخری دم تک کوشش ہوگی کہ پرامن اور منصفانہ انتخابات کراؤں۔

حاجی غلام علی نے مزید کہا کہ صدرکے خلاف آئین شکنی کی کارروائی نہیں ہونی چاہیے، ملک اس صورتحال کامتحمل نہیں ہے۔