فائل فوٹو

پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا،آرمی چیف

راولپنڈی(امت نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ شہدائے پاکستان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انشااللہ پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر فرنٹ چوکیوں کا دورہ کیا اور موقع پر موجود فوجیوں سے بات چیت کی۔
آرمی چیف نے وانا میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فارمیشن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جنرل عاصم منیر کو فارمیشن کے آپریشنل، تربیتی اور سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ نئے ضم شدہ اضلاع میں کئے جانے والے ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل اور فراہمی کی کوششوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے مختلف ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت اور خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔