غزہ پر اسرائیلی فورسز کی جاری بمباری سے کم از کم 2 فلسطینی شہید
تازہ حملے جاری، ڈرون کارروائیوں میں متعدد افراد زخمی، گولہ باری سے عمارات کو نقصان۔
غزہ پر اسرائیلی فورسز کی جاری بمباری سے کم از کم 2 فلسطینی شہید
غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 2 فلسطینی شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ خبر رساں ادارے انادولو کی رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے بیر النعجہ میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں 16 سالہ فلسطینی نوجوان مجد شادي مسعود شہید ہوگیا، جبکہ اسی علاقے میں شہریوں کے ایک اجتماع پر ڈرون سے بم گرائے جانے کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک 17 سالہ نوجوان شدید زخمی ہوگیا، جبکہ جنوبی غزہ میں خان یونس کے مغرب میں واقع جامعہ الاقصیٰ کے احاطے پر ہونے والے ڈرون حملے میں ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوجی گاڑیوں کی جانب سے مختلف رہائشی علاقوں میں اندھا دھند فائرنگ اور توپ خانے سے شدید گولہ باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔