صدر عارف علوی نے مبینہ طور پر یاسمین راشد کو جواب دیا کہ میں کچھ کرتا ہوں ۔فائل فوٹو
صدر عارف علوی نے مبینہ طور پر یاسمین راشد کو جواب دیا کہ میں کچھ کرتا ہوں ۔فائل فوٹو

خان صاحب کو کہیں ہار مان لیں، یاسمین راشد کی عارف علوی سے گفتگو

لاہور:زمان پارک میں پولیس پر پٹرول بموں حملے کے حوالے سے  پی ٹی آئی کی رہنما یاسمین راشد کی صدر عارف علوی سے مبینہ گفتگو منظر عام پر آگئی۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی آڈیو میں یاسمین راشد صدر عارف علوی سے کہہ رہی ہیں یہاں صورحال بہت خراب ہے۔ ہمارے ورکرز پیٹرول بم پھینک رہے ہیں اورآگ لگا رہے ہیں۔ خان صاحب کو سمجھائیں ورنہ لوگ اور پولیس والے مارے جائیں گے،الیکشن ملتوی ہو جائیں گے۔

یاسمین راشد نے صدر عارف علوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کو کہیں ہار مان لیں، لڑائی بعد میں کر لیں گے۔

صدر عارف علوی نے مبینہ طور پر یاسمین راشد کو جواب دیا کہ میں کچھ کرتا ہوں ۔ میں نے اسد عمر سے تو بات کی تھی۔ یاسمین راشد نے کہا کہ یہ سب ہوا تو الیکشن ملتوی ہو جائیں گے جو ہمارا مقصد تھا۔ میں اس سب سے پہلی دفعہ باہر ہوں۔ فون تو کردیے ہیں۔

عارف علوی نے یاسمین راشد سے مبینہ طور پر کہا کہ میں دوبارہ اسد عمر سے بات کرتا ہوں جس پر یاسمین راشد نے کہا کہ آپ شاہ جی سے بھی بات کریں۔

دوسری جانب یاسمین راشد نے اعجازشاہ کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی آڈیو لیک کی تصدیق کردی۔ یاسمین راشد کا کہنا تھا  کہ میں پارٹی کی صدر ہوں کیا اپنے لوگوں کو نہیں بلائوں گی۔ ہمارے لوگ 23 گھنٹے سے سڑکوں پر ہیں۔ ان پر شیلنگ اور تشدد کیا جا رہا ہے۔ آڈیو میں کوئی متنازع بات نہیں کی۔

واضع رہے اس سے قبل یاسمین راشد اور اعجاز شاہ کی آڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔