اسلام آباد(امت نیوز)اسلامی نظریاتی کونسل نے ٹرانس جینڈر ایکٹ 2018 کی کئی شقوں کو خلاف اسلام قرار دے دیا ۔۔ کونسل نےخود اختیار کردہ شناخت سے متعلق دفعات کوبھی غیر شرعی قراردیا ہے
اسلامی نظریاتی کونسل کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ ٹرانس جینڈر پروٹیکشن رائٹس کا جائزہ لیا گیا ہے، اس کی متعدد دفعات اور شقیں شریعت سے ہم آہنگ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خود اختیار کردہ شناخت غیرشرعی ہے، گرو کا تصور استحصال بھی ہے اور جدید ”غلامی“ کی ایک قسم بھی، یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
قبلہ ایازکا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے ادارے بنا کر ٹرانس جینڈرز کو دوبارہ زندگی کی طرف لائے۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے 15 مارچ کو یومِ انسداد اسلامو فوبیا کے بارے میں منسلکہ تفصیلی قرارداد بھی منظور کی۔