سپریم کورٹ بار کی عمران خان کیخلاف طاقت کے استعمال کی شدید مذمت

اسلام آباد (اُمت نیوز) لاہور میں کشیدہ صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہیں، سپریم کورٹ بار آئین، قانون کی حکمرانی اور عدالتی فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
سپریم کورٹ بار کا کہنا ہے کہجس ملک میں آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی ہو وہاں کسی بھی قسم کا تشدد ناقابل قبول ہے، جس انداز میں وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروائی جا رہی ہے یہ خلاف قانون ہے، ہر شخص شفاف ٹرائل اور قانون کے مطابق برتاؤ کا حقدار ہے۔
سپریم کورٹ بار نے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے طاقت کے استعمال سے اجتناب کریں، شہریوں پر بھی لازم ہے کہ وہ عوامی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں، تمام اداروں پر لازم ہے کہ وہ انتخابات کے انعقاد کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کریں، غیر ضروری طور پر امن و امان کی صورتحال کو خراب نہ کیا جائے۔
تمام اداروں پر لازم ہے کہ شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کریں، سکیورٹی خدشات کے سبب انتخابات کیلئے فنڈز فراہم نہ کرنا آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلی خلاف ورزی ہے، تمام سٹیک ہولڈرز ملکی مفاد کی خاطر مل بیٹھ کر سیاسی اختلافات کا حل نکالیں۔