کراچی میں کرائے دار نے مالک مکان کی بیوی کو قتل کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم آباد میں کرائے دار نے مالک مکان کی اہلیہ کو تیز دھارآلے سے ذبح کردیا،ملزم نے فرار ہونے کیلئے بالائی منزل سے گندی گلی میں چھلانگ لگائی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا، پولیس نے گرفتارکرلیا۔
نارتھ ناظم آباد کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک سی میں واقع گراؤنڈ پلس 2 مکان نمبرC64 میں کرائے پررہائش پذیر نوجوان شبیر ولد صفدر مالک مکان کے احاطے میں چابی کی مدد سے تالا کھول کرداخل ہوا،جہاں ملزم نے خاتون کو اکیلا پاکرمبینہ طور پر خاتون سے دست داری کی کوشش کی اور اس دوران شبیر نے 30 سالہ خاتون حسینہ گلے پر چھری پھیر دی،
قائم مقام ایس ایچ او جاوید کے مطابق مقتولہ کے شوہر مستنصر نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ سب افطار کے بعد نما زمغرب کی ادائیگی کیلئے مسجد گئے ہوئے تھے اس دوران گھر سے اس کی اہلیہ کا فون آیا کہ کرائے دار شبیر ولدصفدر گھر کے اندرآیا ہے کیا آپ نے اسے کسی کام سے بلایا ہے،
ایس ایچ او کے مطابق اہلیہ کے فون کے بعد مستنصر مسجد سے دوڑا دوڑا گھرآیا ، اس کے گھر کا دروازہ اندرسے بند تھا اسے توڑ کر اندرداخل ہوا تو ملزم شبیر اس کی اہلیہ کے گلے پر چھری پھیرچکا تھا،اسے پکڑنے کی کوشش کی تو ملزم نے اپنے آپ کو پاگل کہا اور گھر کی چھت پر جا کر بیٹھ گیا،
ایس ایچ او کے مطابق مستنصراپنی اہلیہ کو اسپتال لے کر گیا،جہاں وہ دم توڑ گئی،ایس ایچ او کے مطابق اطلاع پاکر پولیس گھر پہنچی تو معلوم ہوا کہ ملزم گھر کی چھت پر چھپابیٹھا ہے اور پولیس کی اطلاع پاکر اس نے فرار ہونے کی غرض سے بالائی منزل کی چھت سے گندی گلی میں چھلانگ لگا دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا،جسے پولیس نے حراست میں لے کر سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا،جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے،
ایس ایچ او کے مطابق ملزم گھر میں لوٹ مار یاپھر خاتون کے ساتھ دست دازی کیلئے داخل ہواتھا،اس حوالے سے پولیس چھان بین کررہی ہے،مقتولہ ایک بچے کی ماں تھی ۔مقتولہ کے شوہر اپناذاتی کاروبار کرتے ہیں