کراچی(اسٹاف رپورٹر)عیدگا ہ میں کم عمرہندو نوجوان کی گھرسے پھندا لگی لاش ملی ،پولیس نے خودکشی قرار دے دی ۔تفصیلات کے مطابق عیدگاہ کے علاقے کے ایم سی ورکشاپ کے قریب سمیعہ منزل کے فلیٹ کے اندرسے 13سالہ دشک ولد راجو کی پھندا لگی لاش ملی ۔
اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی ، پولیس نے موقع معائنے کے بعد لاش کو سول اسپتال منتقل کیا ، ہیڈ محرر بادشاہ کے مطابق متوفی کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ہفتے کی رات ہم رشتے دار کے گھر جارہے تھے لیکن دشک نے جانے سے منع کیااور وہ گھرمیں رک گیا، گھرپر جب رات گئے واپس آئے تو دشک کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی تھی ۔ پولیس حکام کے مطابق فوری طور پر خودکشی کی وجوہات سامنے نہیں آسکی جبکہ اہلخانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا اورلاش بغیر کارروائی کے لیکر چلے گئے، تاہم پولیس واقعے کی مزید جانچ کررہی ہے۔