کراچی(اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹاون میں نامعلوم سفاک ملزمان نے ایک اور کمسن بچی کو اغوا کے بعد قتل کرکے لاش گٹر میں پھینک دی۔پولیس کو شبہ ہے کہ بچی ملزمان کو پہچانتی تھی۔ملزمان نے بچی سے زیادتی کی کوشش کی اور ناکامی پر اسے قتل کیا۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاون لیاری ایکسپریس سیکٹر36 میں منگل کے روز لاپتہ ہونے والی چھ سالہ شہناز کی لاش گھر کے قریب کھلے مین ہول سے مل گئی۔متوفیہ کا باپ پیشے سے مستری اور گھر کے قریب ہی کام کررہا تھا۔منگل کو افطارسے قبل بچی باپ کو بلانے گئی تھی اور لوٹ کر نہیں آئی۔متوفیہ شہناز کے دادا عبدالرشید کا کہنا ہے بچی کو کافی تلاش کیا،لیکن کچھ معلوم نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ میرا بیٹا یونس بے اولاد تھا۔بہن کی بیٹی گود لے کر پرورش کررہا تھا۔
ایس ایچ او سرجانی ٹاون بشیر کا کہنا تھا کہ سرجانی ٹاون سیکٹر 36 کی مارکیٹ کے رہائشی محمد یونس اپنے گھر بنوا رہا تھے کہ 4 اپریل کی شام 6 بجے مزدوروں کے جانے کے بعد وہ گھر میں افطاری کا انتظام کررہے تھے۔اسی دوران ان کی 6 سالہ بیٹی شہناز پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی۔گھروالوں نے کافی تلاش کیا مگر وہ نہیں ملی،جس پر ورثا نے سرجانی پولیس کو اطلاع دی۔اہلخانہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے حسب روایت گمشدگی کی رپورٹ تو درج کرلی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی۔
بدھ کی صبح اہلخانہ اور محلے والے بچی کو تلاش کررہے تھے کہ گھر سے کچھ فاصلے پر کھلے گٹر سے بچی ملی۔عباسی اسپتال میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق پوسٹ مارٹم کے دوران معلوم ہوا کہ سفاک ملزمان نے کمسن بچی سے زیادتی کی کوشش کی اور ناکامی پر گلا گھونٹ کر قتل کیا ہے۔ تمام سمپل حاصل کرکے لیبارٹری بھیج دیئے۔رپورٹ آنے کے بعد اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔دوسری جانب ایس ایچ او بشیر کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزمان اور بچی ایک دوسرے کو جانتے تھے،جس کی وجہ سے ملزمان بچی کو بہانے سے نامعلوم مقام پر لے گئے،جہاں زیادتی کی کوشش میں ناکامی پر اسے قتل کرکے فرار ہوگئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شاہ لطیف ٹاون،محمودآباد، قائد آباد و دیگر علاقوں میں بھی ملزمان نے کمسن بچیوں کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا اور قتل کیا تھا۔بچیوں کی لاشیں بھی اس ہی طرح ملی تھیں۔