بلوچستان کے پہاڑوں سے 820کلوگرام افیون برآمد

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اے این ایف کے شعبہ انٹیلی جنس اور فرنٹیئر کور بلوچستان نے کوئٹہ سے 530 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دور افتادہ علاقے ماشکیل کے دشوار گزار پہاڑوں میں مشترکہ کارروائی کے دوران 820 کلو گرام افیون برآمد کر لی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق مجموعی طور پر قبضے میں لی جانے والی افیون میں سے تقریباً 3700 کلوگرام منشیات دشوار گزار علاقے سے منتقل کرنے میں حائل مشکلات اور محکمہ کے پاس مطلوبہ وسائل کی عدم موجودگی کے باعث موقع پر نذرآتش کر دی گئی۔

اےاین ایف کی جانب سے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف عمل میں لائی جانیوالی حالیہ کارروائی سال 2023 کے دوران کی جانیوالی سب سے بڑی کارروائی ہے۔ برآمد شدہ منشیات دشوار گزار پہاڑوں میں واقع گوریندر نالہ نامی خفیہ مقام پرذخیرہ کی گئی تھی،دورانِ کارروائی منشیات کے ذخیرہ کی حفاظت پر مامور ملزمان اے این ایف اور ایف سی کےساتھ تقریباً آدھا گھنٹہ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں پسپائی کے بعد پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ مذکورہ طرز کی جامع کارروائی کے دوران مطلوبہ نتائج حاصل کےحصول کے لئے محکمہ کے پاس جدیدآپریشنل ذرائع بشمول گاڑیوں اور ہیلی کاپٹرز کی سہولت کی موجودگی اشد ضروری ہے۔