کراچی(اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اورنگی ٹاؤن سے ڈکیتی اورراہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم امجد زمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ قصبہ کالونی کٹی پہاڑی کے قریب واقع تاج ملک شاپ میں ڈکیتی کی واردات کی جس میں نقدی 6 لاکھ روپے چھینے اور فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کر کے 2 نو عمر راہگیر لڑکیوں کو زخمی کیا۔ ملزمان کو وقوعہ سے فرار ہوتے ہوئے سی سی ٹی وی فو ٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے۔
دوران تفتیش ملزم نے اورنگی ٹاؤن سائٹ اور گردونواح کے علاقوں میں ڈکیتی کی 150 سے زائدوارداتوں میں 200 سے زائد موبائل فون اور مبلغ 50لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گرفتارملزم کو مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔