کراچی: بیکری آئٹم بنانے والی کمپنی میں دھماکا،6 افراد زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے بلال چورنگی کے قریب بیکری آئٹم بنانے والی کمپنی میں دھماکے سے 6 افراد زخمی ہوگئے ۔ دھماکے سے کمپنی کے دفتر اور کچن سمیت دیگر حصوں کو شدید نقصان پہنچا

ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا انسپکٹر اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ ابتدائی طور پرمعلوم ہوا ہے کہ  دھماکہ سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا ہے تاہم تحقیقات میں سامنے آیا کہ کمپنی میں بنے ہوئے آفس جس کی چھت فارسلنگ سے بنی ہوئی تھی اس میں کسی وجہ سے گیس کا پریشر بنا جو دھماکے کا سبب بنا اور اس دوران شعلہ بھڑکنے کے ساتھ ساتھ شیشے اور دیگر اشیا ٹوٹنے کی وجہ سے وہاں پر موجود 6 افراد زخمی ہوگئے

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کمپنی میں آگ نہیں لگی ۔ ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ ایئر کنڈیشن کے کمپریسر سے نکلنے والی گیس کی وجہ سے دباؤ بنا تاہم ابھی واقعہ کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے

اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ واقعہ میں سیکیورٹی گارڈ سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں چھیپا کے رضا کاروں نے سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا

ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت  25 سالہ مشتاق ، 30 سالہ نعیم ، 20 سالہ ماٹا ، 30 سالہ بشیر اور 35 سالہ قاسم کے نام سے کی گئی جبکہ ایک زخمی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی

کورنگی فائر اسٹیشن کے انچارج ظفر خان نے بتایا کہ دھماکا گیس کے دباؤ کی وجہ سے ہوا تھا جس کے نتیجے میں کمپنی کے کچن سمیت دیگر مقامات کو شدید نقصان پہنچا تاہم اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ ایک گاڑی کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا تاہم دھماکے میں آگ نہیں لگی تھی