کراچی(اسٹاف رپورٹر)پورٹ قاسم روڈ کے قریب گودام میں پارکو کی لائن سے تیل چوری کرنے کیلئے سرنگ کی کھدائی کے دوران مٹی کا تودا گرنے سے 2 افراد دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق بن قاسم ٹاؤن تھانے کے علاقے پورٹ قاسم روڈ پرواقع پی ایس او پمپ کے عقب میں واقع الاصف رائس مل کے قریب پولیس نے 2 مشکوک گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی تو گاڑیاں نہیں رکیں جس پر پولیس نے گاڑیوں کا تعاقب شروع کیا اور کچھ فاصلے پرجا کرالخدمت اسپتال کے قریب گاڑیوں کو روکا تو ایک گاڑی میں 2 افراد کی لاشیں موجود تھیں جس پر پولیس نے دونوں گاڑیوں میں سوار 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا، گاڑی سے ملنے والی لاشیں پولیس نے فوری تحویل میں لیکر ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیں،
ایس ایچ اوبن قاسم ٹاؤن فراصت شاہ کے مطابق اتوارکی صبح پورٹ قاسم روڈ پر پولیس پیٹرولنگ کر رہی تھی کہ انہیں سڑک کنارے اعتراض نامی شخص کھڑا دکھائی دیا جسے پولیس پہلے سے جانتی ہے، اعتراض کا گلشن حدید میں اے ٹو زیڈ ہوٹل ہے، جب پولیس نے اعتراض سے پوچھا کہ وہ صبح صبح یہاں کیوں کھڑا ہے تو اعتراض نے بتایا کہ اسے پانی کا کام ہے، اسی دوران ایک گلی سے دوگاڑیاں تیزی سے نکلیں تو پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر اعتراض نے کہا انہیں مت روکو یہ گاڑیاں میرے ساتھ ہیں جس پر پولیس کو شک ہوا اور پولیس نے گاڑیوں کا تعاقب شروع کردیا،ایس ایچ اوبن قاسم ٹاؤن کے مطابق کچھ فاصلے پر جاکر الخدمت اسپتال کے قریب پولیس نے دونوں گاڑیوں کو روکا تو ایک گاڑی میں 2 فراد کی لاشیں موجود تھیں اور گاڑی میں دو افراد موجود تھے جبکہ دوسری گاڑی میں ایک ہی شخص موجود تھا جس پر پولیس نے تینوں افراد گلبہار شیرازی ، محمدامین اور زبیر ثاقب کو گرفتارکرلیا اورگرفتار ملزمان نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ کہ ایک لاش اعتراض نامی شخص کے بھائی زاہد کی ہے،
پولیس نے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ گرفتار اور ہلاک افراد نے بن قاسم روڈ پرواقع پی ایس او پمپ کے عقب میں واقع الاآصف رائس مل کے قریب ایک بڑا گودام کرایہ پر حاصل کیا تھا اورگرفتار ملزمان گودام میں سورنگ کھود کر پارکو کی لائن سے تیل چوری کرنے کی کوشش کر رہے تھے، سرنگ کی کھدائی کے دوران مٹی کا تودا گرنے سے2 افراد دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے، گرفتارملزمان ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں سرنگ سے نکا لنے کے بعد گاڑی میں ڈال کر فرار ہو رہے تھے پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا،پولیس حکام کے مطابق اعتراض نامی ملزم موقع پر سے فرار ہو گیا ہے جس کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، ہلاک ہونے والے دوسرے شخص کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے،واضح رہے کہ ایک ماہ میں بن قاسم ،اسٹیل ٹاؤن اورشاھ لطیف ٹاؤن میں نجی تیل کمپنی کی لائن میں سوراخ کرنے کے 9 مقدمات درج ہو چکے ہیں ، لیکن پولیس کی جانب سے کسی قسم کی کوئی کارروا ئی نہیں کی گئی۔