کراچی(اسٹاف رپورٹر)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ دوم (فریش)،حصہ دوم اور حصہ اول و دو م باہم (failure) کے تمام گروپس سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس، کامرس، آرٹس، ہوم اکنامکس گروپس بشمول ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء کیلئے سرکاری و نجی کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ریگولر امیدواروں کو امتحانی فارمز جمع کروانے کا آخری موقع دیتے ہوئے بروز منگل 16مئی اور بروز بدھ 17 مئی 2023ء کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق انٹرمیڈیٹ حصہ دوم (فریش) کے درج بالا تمام گروپس کے امتحانات میں شرکت کے اہل سرکاری تعلیمی اداروں کے امیدوار اپنے امتحانی فارم بروز منگل 16مئی اور بروز بدھ 17مئی 2023ء تک اپنے کالجوں میں بغیر کسی فیس کے جمع کرواسکتے ہیں جبکہ کالج امتحانی فارم بروز جمعرات 18مئی کو اپنے نمائندوں کے ذریعہ بورڈ آفس میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔ رواں سال 2023ء میں بھی وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پرتمام سرکاری تعلیمی اداروں کے ان طلباء کی فیس معاف کردی گئی ہے جو پہلی دفعہ انٹرمیڈیٹ حصہ اول یا حصہ دوم کے امتحانات میں شرکت کررہے ہیں، لہٰذا سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء بغیر کسی فیس کے امتحانی فارمز جمع کرواسکتے ہیں۔ سرکاری تعلیمی اداروں کے درج بالا تمام گروپس کے ایسے امیدوار جو انٹرمیڈیٹ حصہ دوم، حصہ اول و دوم باہم کے امتحانات میں ناکام رہے ہوں وہ اپنے امتحانی فارم بروز منگل 16مئی سے بروز بدھ 17مئی تک ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں جبکہ کالجز امتحانی فارمز اور فیسوں کا پے آرڈر بروز جمعہ 19مئی 2023ء کو بورڈ آفس کے اکاؤنٹس سیکشن میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔ نجی تعلیمی اداروں کے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے امیدوار اپنے امتحانی فارم ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز منگل 16مئی سے بروز بدھ 17مئی تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں جبکہ نجی تعلیمی ادارے امتحانی فارمز اور فیسوں کا پے آرڈر بروز جمعہ 19مئی 2023ء کو بورڈ آفس کے اکاؤنٹس سیکشن میں جمع کروائیں گے۔ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو جمع کروائے جانے والے امتحانی فارمز کی مکمل فہرست بھی تعلیمی اداروں کے سربراہ کے دستخط کے ساتھ جمع کروانا ہوں گی۔ امتحانی فارمز اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل ویب سائٹ [email protected] سے بھی ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔