کراچی(امت نیوز) پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے کسی بھی پارٹی امیدوار کا نام تاحال فائنل کرنے کی تردید کردی۔
پی پی ویمن ونگ کی صدر فریال تالپور نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں میئر، ڈپٹی میئر اور ضلع کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں کےلیے پارٹی تاحال امیدواروں کے ناموں پر غور کر رہی ہے۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ بلدیاتی عہدوں کےلیے پارٹی کے خواہشمند امیدواروں کے ناموں کے متعلق فی الحال پیشکش پر مشاورت جاری ہے۔ تاہم کسی بھی امیدوار کا نام فائنل نہیں کیا گیا
انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں میئر، ڈپٹی میئر اور چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں کے لیے جب پارٹی کی جانب سے حتمی فیصلہ ہوگا تو ان امیدواروں کے ناموں کے متعلق پارٹی باضابطہ اعلان کرے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پیپلز پارٹی نے میئر کراچی کے عہدے کےلیے مرتضیٰ وہاب کے نام کی منظوری دے دی۔