کراچی (اسٹاف رہورٹر)سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے عملے نے ایک کارروائی کے دوران بینک کی کیش وین کو لوٹنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ملزم ایاز علی کی گرفتاری بہادر آباد کے علاقے دھوراجی کالونی سے عمل میں آئی ہے، پولیس کے مطابق ملزم نجی کیش وین کمپنی میں سکیورٹی انچارج تھا۔
انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش مزید انکشافات کیے ہیں کہ ملزم نے سال 2021ء میں جوڑیا بازار پر بینک کو کیش فراہم کرنے والی وین کو لوٹا تھا، چوہدری صفدر کے مطابق ملزم 50 لاکھ روپے لوٹ کر راولپنڈی فرار ہوگیا تھا، واردات کے بعد وہ اپنے رشتہ داوں کے گھر روپوش تھا۔
کھارادر تھانے میں درج ایف آئی آر کا ملزم مفرور اور اشتہاری بھی ہے، پولیس کے مطابق ملزم حال ہی میں کراچی واپس آیا تھا جسے ٹیکنیکل بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے