کراچی : کھلے مین ہول میں گرکر شہریوں کے جاں بحق ہونے کے واقعات پرشہری حکومت خاموش تماشائی،کورنگی صنعتی ایریا تھانےکےعلاقے کورنگی گلزارکالونی میں کھلے مین ہول میں گرکرایک شخص جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق ہونےو الے شخص کی لاش متوفی شخص کے اہلخانہ اورعلاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مین ہول سے نکالی اوراسپتال منتقل کی جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
پولیس کے مطابق متوفی شخص کی شناخت 32 سالہ سخی داد ولد ولی داد کے نام سے ک گئی، متوفی شخص کا 7 سالہ بھانجا مین ہول میں گرگیا تھا جسے بچاتے ہوئے اس نے اپنی جان دے دی جبکہ بھانجے کوبچایا لیا گیا۔علاقہ مکینوں کے مطابق دو بچے گھرسے دودھ لینے کے لیے دکان جارہے تھے، ایک بچہ کھلے مین ہول میں گرگیا جس کی اطلاع دوسرے بچے نے گھرپر آکردی جس پران کا ماموں سخی داد اپنے بھانجے کو بچانے کے لیے موقع پرپہنچا اورکھلے مین ہول میں اتر گیا۔سخی داد بھانجے کو بچاتے ہوئے مین ہول میں ہی بے ہوش ہوگیا.
اسی دوران قریب موجود چوکیداروں نے شورمچانا شروع کردیا اورایک چوکیدارہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھلے مین ہول اترا تو وہ بھی بےہوش ہوگیا جس کےبعد تندورپرکام کرنے والے ایک مزدور کوبلایا گیا اوراس مزدور نے منہ پر کپڑا باندھ کر سب کو کمر میں رسا باندھ کرباہر نکالا۔بچے سمیت سب کو باہر نکالنے کے بعد وہ مزدور بھی باہر آکر بے ہوش ہو گیا، بچے کا ماموں دوران علاج انتقال کرگیا جبکہ بچے کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔