سعودی عرب (اُمت نیوز)سعودی عرب نے رفح میں اسرائیلی آپریشن روکنے کے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ فیصلہ فلسطینوں کے اخلاقی اور قانونی حق کی جانب مثبت قدم ہے تاہم سعودی عرب اس کے ساتھ ہی فلسطینیوں کا احاطہ کرنے والی تمام بین الاقوامی قراردادوں کی اہمیت پر بھی زور دیتا ہے۔سعودی عرب نے عالمی برادری سے اپنے اس مطالبے کی تجدید بھی کی کہ وہ فلسطینی عوام کے خلاف ہر قسم کی جارحیت کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔
ادھر عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ کرنے والے ملک جنوبی افریقہ نے بھی عدالت کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جبکہ حماس اور فلسطینی اتھارٹی نے بھی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے فیصلے پر عملدرآمد کرانے پر زور دیا ہے۔
دوسری جانب برطانیہ اور امریکا آئی سی جے کے فیصلے سے پہلے ہی اسرائیل کی حمایت کا اعلان کرچکے ہیں،اسرائیلی حکومت کے ترجمان ڈیوڈ مینسر نے عدالتی فیصلے پر کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں عوامی طور پر خودکشی کرنے پر مجبور نہیں کر سکتی۔