سپر ایٹس مرحلے کا افتتاحی میچ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائےگا
کولمبو:کولمبو میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹس مرحلے کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ آج آر پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گے، تاہم موسم کی صورتحال کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
موسمی رپورٹس کے مطابق کولمبو میں گزشتہ روز دوپہر کے وقت آسمان مکمل طور پر ابر آلود رہا اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے گرمی اور حبس میں اضافہ ہو گیا۔ درجہ حرارت تقریباً 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے لیکن زیادہ نمی کے باعث یہ 37 ڈگری محسوس ہو رہا ہے، جبکہ سایہ دار مقامات پر حقیقی درجہ حرارت 34 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
ہوا مغرب شمال مغرب کی سمت سے 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، جبکہ جھکڑ 26 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ رہے ہیں۔ نمی کا تناسب 80 فیصد اور ڈیو پوائنٹ 24 ڈگری ہے۔ اب تک 7.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے اور مزید بارش کا امکان 75 فیصد بتایا گیا ہے۔ بادلوں کا تناسب 99 فیصد ہے جبکہ حدِ نگاہ 5 کلومیٹر ہے۔
آج شام کے وقت درجہ حرارت کم ہو کر 25 ڈگری تک آنے کی توقع ہے اور بارش رکنے کا امکان ہے، تاہم نمی 86 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، جس سے فضا میں حبس برقرار رہے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گروپ اے میں تین فتوحات کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی تھی، جبکہ واحد شکست بھارت کے خلاف ہوئی۔ سپر ایٹس کے گروپ 2 میں پاکستان کے ساتھ سری لنکا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ شامل ہیں۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ سات مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں پاکستان کو 5-2 کی برتری حاصل ہے۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں نے 49 ٹی20 میچز کھیلے، جس میں پاکستان نے 24 اور نیوزی لینڈ نے 23 میچز میں کامیابی حاصل کی۔