پاکستان کا نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ مقررہ وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہونا تھا، لیکن موسم کی غیر یقینی صورتحال کے باعث تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
کولمبو کے ر پریما داسا اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ کا ٹاس مکمل ہو گیا، تاہم ٹاس کے فوراً بعد بارش نے ایک بار پھر کھیل میں خلل ڈال دیا۔
کولمبو میں میچ سے تقریباً دو گھنٹے قبل بارش کا سلسلہ شروع ہوا تھا، جو ٹاس سے کچھ دیر پہلے رک گیا۔ بارش تھمنے کے بعد دونوں ٹیموں کے نمائندہ کھلاڑیوں نے وکٹ کا جائزہ لیا اور میچ آفیشلز نے ضابطے کے مطابق ٹاس کرا دیا۔
تاہم ٹاس کے چند ہی لمحوں بعد بارش دوبارہ شروع ہو گئی، جس پر گراؤنڈ اسٹاف نے فوری طور پر وکٹ کو ڈھانپ دیا۔ اس وقت حکام بارش رکنے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ میچ کا باقاعدہ آغاز ممکن بنایا جا سکے۔