ورلڈ کپ 2026:سیمی فائنل سے قبل ایشیائی ٹیموں کے باہر ہونے کا خدشہ
کراچی: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پہلی بار ایسا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سیمی فائنل مرحلے سے قبل ہی تمام ایشیائی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہو سکتی ہیں۔ ٹورنامنٹ اس وقت بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ایشیائی سرزمین پر جاری ہے۔
ایونٹ میں جنوبی ایشیا کی چھ ٹیمیں شریک تھیں جن میں بھارت، سری لنکا، پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال شامل تھے۔ بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ سے قبل ہی ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا گیا تھا، جبکہ نیپال پہلے مرحلے میں ہی باہر ہو گیا۔ افغانستان بھی توقعات کے برعکس ابتدائی مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکا۔
گزشتہ روز سری لنکا کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد شریک میزبان ٹیم بھی سپر ایٹ مرحلے میں دو میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔
اب صورتحال یہ ہے کہ سابق عالمی چیمپئن پاکستان اور دفاعی چیمپئن بھارت ہی سیمی فائنل کی دوڑ میں باقی رہ گئے ہیں، تاہم دونوں ٹیموں کو سخت چیلنجز درپیش ہیں۔ انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے خلاف بڑی کامیابی نے پاکستان کی راہ مزید دشوار بنا دی ہے۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے نہ صرف اپنے میچ میں بڑی فتح درکار ہے بلکہ دیگر نتائج بھی اس کے حق میں آنے ضروری ہیں۔
دوسری جانب بھارت کو سپر ایٹ کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بھاری شکست کے بعد منفی رن ریٹ کا سامنا ہے۔ سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے بھارت کو اپنے آئندہ دونوں میچز بڑے مارجن سے جیتنا ہوں گے تاکہ رن ریٹ بہتر ہو سکے۔ تاہم زمبابوے کی بہتر کارکردگی اور ویسٹ انڈیز کی شاندار فارم اس کے لیے بڑا امتحان ثابت ہو سکتی ہے۔
اگر بھارت اپنے باقی میچز میں ناکام رہتا ہے یا مطلوبہ رن ریٹ حاصل نہیں کر پاتا تو ٹی 20 ورلڈ کپ کی 19 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب کوئی بھی ایشیائی ٹیم سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل نہ کر سکے گی۔