ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ : ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقا کو جیت کیلیے 177 رنز کا ہدف دیدیا
احمدآباد: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں جیسن ہولڈر اور روماریو شیفرڈ کی ریکارڈ شراکت نے ویسٹ انڈیز کو مشکلات سے نکال دیا۔
نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
ویسٹ انڈین نے ابتدائی 2 اوورز میں اچھا آغاز کیا تاہم اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
10.2 اوورز میں 83 رنز پر ساتویں وکٹ گرنے کے بعد جیسن ہولڈر اور روماریو شیفرڈ نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں آٹھویں وکٹ کے لیے 89 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔
جیسن ہولڈر 49 رنز بناکر آخری اوور میں رن آؤٹ ہوگئے جبکہ روماریو شیفرڈ 52 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، یہ ان کی پہلی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نصف سنچری ہے۔
ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیدی نے 3، کگیسو ربادا اور کوربن بوش نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں ۔