سری لنکن ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا مستعفی

پاکستان کے خلاف کھیلا گیا میچ ان کے دورِ کوچنگ کا آخری مقابلہ ثابت ہوا۔

               
March 1, 2026 · اسپورٹس

سری لنکا کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی غیر تسلی بخش کارکردگی کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان کے خلاف کھیلا گیا میچ ان کے دورِ کوچنگ کا آخری مقابلہ ثابت ہوا۔

جے سوریا نے جولائی 2024 میں عبوری بنیادوں پر کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ ان کی نگرانی میں سری لنکا نے قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کیں، جن میں 27 برس بعد بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح بھی شامل ہے۔ اسی طرح اوول میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ جیت کر ٹیم نے ایک دہائی بعد انگلینڈ کی سرزمین پر کامیابی سمیٹی۔

ان نمایاں کامیابیوں کے بعد یکم اکتوبر 2024 کو انہیں دو سالہ معاہدہ دیا گیا۔ ان کے دور میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ بھی کیا۔

تاہم رواں ٹی 20 ورلڈ کپ میں اگرچہ ٹیم نے ابتدائی تین میچز جیت کر سپر 8 مرحلے میں جگہ بنالی، لیکن اگلے دو میچز میں ناکامی کے بعد سیمی فائنل تک رسائی کا خواب ادھورا رہ گیا۔ مسلسل دباؤ اور حالیہ نتائج کے پیش نظر جے سوریا نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔