بھارت کو ٹورنامنٹ کا واضح فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا،محمد عامر
فیلڈنگ میں غلطیاں اور اہم مواقع پر کیچ ڈراپ کرنا ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
سابق قومی فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارتی ٹیم کے امکانات پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ کارکردگی کی بنیاد پر بھارت کو ٹورنامنٹ کا واضح فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر خالصتاً کرکٹ کے نقطۂ نظر سے جائزہ لیا جائے تو بھارتی ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل نظر نہیں آتا۔ ان کے مطابق فیلڈنگ میں غلطیاں اور اہم مواقع پر کیچ ڈراپ کرنا ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ بولنگ لائن میں بھی مسائل دکھائی دے رہے ہیں اور جسپریت بمرا کے علاوہ دیگر بولرز رنز روکنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق کسی ایک کھلاڑی کی کارکردگی پر انحصار کرنا بڑے ٹورنامنٹ میں خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ بھارتی اسکواڈ میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، تاہم مجموعی کارکردگی میں بہتری لانا ضروری ہے تاکہ ٹیم مضبوط دعویدار کے طور پر سامنے آ سکے۔