فروٹ کھانے کا صحیح وقت کیا ہے؟
ق پھل قدرتی توانائی کا بہترین ذریعہ ہیں کیونکہ ان میں فائبر، پانی اور وٹامنز وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں
صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پھل انسانی صحت کے لیے نہایت مفید ہیں، تاہم انہیں صحیح وقت اور طریقے سے کھانا زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ اکثر لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ فروٹ صبح کھانا چاہیے، دوپہر میں یا کھانے کے ساتھ۔
ماہرین کے مطابق پھل قدرتی توانائی کا بہترین ذریعہ ہیں کیونکہ ان میں فائبر، پانی اور وٹامنز وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ اسی لیے انہیں ایسے وقت میں کھانا چاہیے جب جسم کو توانائی کی زیادہ ضرورت ہو۔
غذائی ماہرین کے مطابق فروٹ کھانے کا سب سے بہتر وقت صبح کا ہے۔ ناشتے کے ساتھ یا ناشتے کے فوراً بعد پھل کھانے سے جسم انہیں تیزی سے جذب کر لیتا ہے کیونکہ اس وقت بلڈ شوگر لیول نسبتاً کم ہوتا ہے اور جسم کو فوری توانائی ملتی ہے۔
اس کے علاوہ دوپہر کے وقت، خاص طور پر سہ پہر تین سے پانچ بجے کے درمیان فروٹ کھانا بھی مفید سمجھا جاتا ہے۔ اس وقت اکثر لوگوں کو بھوک محسوس ہوتی ہے اور وہ چپس، بسکٹ یا دیگر جنک فوڈ کھا لیتے ہیں، جبکہ پھل ایک صحت مند اور کم کیلوری والا متبادل ثابت ہو سکتے ہیں۔
ماہرین یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ پھل کھانے کے کم از کم ایک گھنٹے بعد یا کھانے سے تقریباً تیس منٹ پہلے کھائے جائیں۔ کھانے کے فوراً ساتھ فروٹ کھانے سے بعض افراد میں ہاضمہ سست ہو سکتا ہے اور گیس یا بھاری پن محسوس ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق رات دیر سے فروٹ کھانا بہتر نہیں کیونکہ اس وقت جسم کو توانائی کے بجائے آرام کی ضرورت ہوتی ہے۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پھل صحیح مقدار، صحیح وقت اور مناسب طریقے سے کھائے جائیں تو یہ روزمرہ غذا کا نہایت طاقتور اور صحت بخش حصہ بن سکتے ہیں۔