اسٹرابیری سکن کیا ہے اور کیوں ہوتی ہے؟

جلد کی دیکھ بھال سے متعلق ایک عام مسئلہ جسے عام زبان میں “اسٹرابیری سکن” کہا جاتا ہے، آج کل بہت سے لوگوں کو درپیش ہے۔

               
March 16, 2026 · کائنات کے رنگ

جلد کی دیکھ بھال سے متعلق ایک عام مسئلہ جسے عام زبان میں “اسٹرابیری سکن” کہا جاتا ہے، آج کل بہت سے لوگوں کو درپیش ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کیفیت میں ٹانگوں یا جسم کے دیگر حصوں پر چھوٹے سرخ یا سیاہ نقطے نظر آتے ہیں جو شکل میں اسٹرابیری کے دانوں جیسے لگتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹرابیری سکن اس وقت پیدا ہوتی ہے جب جلد کے مساموں میں تیل، مردہ جلد یا باریک بال پھنس جاتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں جلد پر چھوٹے چھوٹے سیاہ یا سرخ دھبے نمایاں ہو جاتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق یہ مسئلہ زیادہ تر شیونگ یا ویکس کے بعد سامنے آتا ہے۔ شیونگ کے دوران بال اوپر سے کٹ جاتا ہے جبکہ ویکس کے دوران مسام کھل جاتے ہیں، جس کی وجہ سے جلد حساس ہو جاتی ہے اور یہ نقطے واضح دکھائی دینے لگتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹرابیری سکن کوئی بیماری نہیں بلکہ ایک عام جلدی کیفیت ہے جسے مناسب دیکھ بھال سے کم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے مشورہ دیا جاتا ہے کہ شیونگ یا ویکس سے پہلے جلد کو گرم پانی سے نرم کیا جائے، خشک شیونگ سے گریز کیا جائے اور شیونگ جیل یا ایلوویرا استعمال کیا جائے۔

اسی طرح ہفتے میں دو بار ہلکے اسکرب اور گلیکولک ایسڈ کے استعمال سے بھی مردہ جلد صاف کرنے میں مدد ملتی ہے جبکہ آخر میں موئسچرائزر لگانا جلد کو صحت مند رکھنے کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر جلد کی دیکھ بھال کا یہ معمول برقرار رکھا جائے تو اسٹرابیری سکن کے آثار کافی حد تک کم کیے جا سکتے ہیں۔