ریاض اجلاس۔پاکستان کا عرب علاقوں پر تمام حملے روکنے کی ضرورت پر زور
اسحاق ڈار نے خطاب کیا ۔اسرائیلی جارحیت کی مذمت اورتنازع کے فوری خاتمے کابھی مطالبہ
سعودی دارالحکومت ریاض میں عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کی۔اس اجلاس میں جمہوریہ آذربائیجان، مملکت بحرین، عرب جمہوریہ مصر، اردن، ریاست کویت، جمہوریہ لبنان، ریاست قطر، شام، جمہوریہ ترکیہ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ شریک تھے۔ اجلاس کا مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، خاص طور پر امریکہ-اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگ اور اس کے علاقائی اثرات پر تبادلہ خیال اور علاقائی سلامتی و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تمام برادر علاقائی ممالک کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سیاسی آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عرب علاقوں پر تمام حملوں کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا اور مسلم امہ کے اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جاری تنازع کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔اسحاق ڈار نے پاکستان کے مستقل موقف کا اعادہ کیا کہ بحران کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے۔
وزیر خارجہ نے خطے میں اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور اشتعال انگیزیوں کی شدید مذمت کی اور شہریوں کے ساتھ ساتھ توانائی کے ذرائع اور اہم بنیادی ڈھانچے پر بلاجواز حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا۔ انہوں نے ایسے اقدامات سے گریز کی اپیل کی جو خطے اور عالمی سطح پر توانائی کی سلامتی (energy security) کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں اور عالمی معیشت کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم نے شرکاء کو پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا اور علاقائی سلامتی کے چیلنجز پر قابو پانے میں پاکستان کے تعمیری کردار کا عزم دہرایا۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جس میں علاقائی استحکام کی حمایت، حملوں کی مذمت اور سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ (اعلامیہ میں ایران کی کارروائیوں کی بھی مذمت کی گئی، اسرائیلی اقدامات کے خلاف بھی بات کی گئی۔)
دورے کے دوران، پاکستانی نائب وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کو پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے بھرپور یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا پیغام پہنچایا۔اس کے علاوہ، انہوں نے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں جن میں تازہ ترین علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ریاض میں مصر، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا چار فریقی اجلاس بھی ہوا جس میں بحران کے حل کے لیے مزید رابطوں پر اتفاق کیا گیا۔یہ اجلاس مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں علاقائی ممالک کی مشترکہ کاوشوں کا اہم حصہ ہے، جہاں پاکستان نے امن اور سفارت کاری پر مبنی حل کی حمایت کو بار بار اجاگر کیا۔