پاکستان کے صاحبزادہ فرحان آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار
6 اننگز میں 76.60 کی اوسط سے 383 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں دو سنچریاں اور دو نصف سنچریاں بھی شامل تھیں
پاکستان کے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے شاندار کارکردگی کی بدولت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
فروری کے مہینے میں کھیلے گئے مقابلوں، خصوصاً آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران انہوں نے غیر معمولی کھیل پیش کیا۔ صاحبزادہ فرحان ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے، جنہوں نے 6 اننگز میں 76.60 کی اوسط سے 383 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں دو سنچریاں اور دو نصف سنچریاں بھی شامل تھیں، جو ان کی مستقل مزاجی اور فارم کا واضح ثبوت ہیں۔
اس کامیابی پر محسن نقوی نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف کھلاڑی بلکہ پاکستان کرکٹ کے لیے بھی باعث فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صاحبزادہ فرحان کی کامیابی ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ انداز کی عکاس ہے۔
کرکٹ حلقوں اور شائقین کی جانب سے بھی صاحبزادہ فرحان کی اس کامیابی کو خوب سراہا جا رہا ہے، اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی قومی ٹیم کے لیے اسی طرح نمایاں کارکردگی دکھاتے رہیں گے۔