کون سا تیل صحت کے لیے بہتر؟

ایکسٹرا ورجن زیتون کا تیل دل اور دماغ کے لیے نہایت مفید ہے، کیونکہ اس میں صحت بخش چکنائیاں اور اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں

               
March 25, 2026 · کائنات کے رنگ

گھروں میں روزمرہ استعمال ہونے والے کوکنگ آئلز کے حوالے سے اہم سوال سامنے آ گیا ہے کہ آخر کون سا تیل واقعی صحت کے لیے مفید ہے۔ ماہرین غذائیت کے مطابق ہر تیل ہر قسم کے کھانے کے لیے موزوں نہیں ہوتا، بلکہ اس کا درست استعمال ہی صحت مند زندگی کی ضمانت ہے۔

ماہرِ غذائیت Rob Hobson اور دیگر ماہرین کا کہنا ہے کہ ایکسٹرا ورجن زیتون کا تیل دل اور دماغ کے لیے نہایت مفید ہے، کیونکہ اس میں صحت بخش چکنائیاں اور اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں۔ تاہم یہ تیل زیادہ تیز آنچ برداشت نہیں کر پاتا، اس لیے اسے سلاد، تیار کھانوں یا ہلکی آنچ پر استعمال کرنا بہتر ہے۔

دوسری جانب ناریل کا تیل سیر شدہ چکنائی سے بھرپور ہوتا ہے، جو کولیسٹرول کی سطح بڑھا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اسے روزمرہ استعمال کے بجائے کبھی کبھار استعمال کرنا زیادہ مناسب ہے۔

کینولا آئل کو ایک متوازن انتخاب قرار دیا گیا ہے، جس میں نقصان دہ چکنائی کم اور مفید اجزا موجود ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق درمیانی آنچ پر کھانا پکانے کے لیے یہ ایک محفوظ اور بہتر آپشن ہے۔

اسی طرح سورج مکھی کا تیل زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کے باعث یہ تلنے والے کھانوں کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے، تاہم اس کے استعمال میں اعتدال ضروری ہے۔

ماہرین نے واضح کیا ہے کہ کوئی ایک تیل ہر مقصد کے لیے بہترین نہیں ہوتا۔ صحت مند طرزِ زندگی کے لیے ضروری ہے کہ مختلف تیلوں کو ان کی خصوصیات کے مطابق مناسب مقدار اور درست طریقے سے استعمال کیا جائے۔