جیسن گلیسپی نے پی سی بی سے اختلافات کی تردید کردی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ ان کا کوئی تنازع نہیں ہے اور ٹیسٹ کوچ کا عہدہ باہمی رضا مندی سے ختم ہوا۔

               
March 28, 2026 · اسپورٹس

 پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ ان کا کوئی تنازع نہیں ہے اور ٹیسٹ کوچ کا عہدہ باہمی رضا مندی سے ختم ہوا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جیسن گلیسپی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں ٹیم کی تیاری جاری ہے اور ابھی ابتدائی مرحلہ ہے، اس لیے مضبوط کمبی نیشن بنانے میں وقت لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کی مجموعی تیاری تسلی بخش ہے اور کھلاڑیوں کی محنت قابل تعریف ہے۔ ان کے مطابق پی ایس ایل کے لیے ٹیم کو اکٹھا ہونے کا مناسب وقت ملا اور تمام کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کی ہے۔

جیسن گلیسپی نے پی سی بی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک ہی سیزن میں انٹرنیشنل کرکٹ اور ٹی ٹوئنٹی لیگز کا انعقاد ایک بڑا چیلنج ہے جسے بہتر انداز میں سنبھالا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل کی ٹیم میں شمولیت متوقع ہے تاہم حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی۔ نوجوان کھلاڑی صائم ایوب کے حوالے سے انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

گلیسپی نے کہا کہ معاذ صداقت ٹریننگ کر رہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ اگلے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

فاسٹ بولرز کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل زیادہ تر فاسٹ بولرز کیریئر کو طول دینے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کے بجائے محدود اوورز کو ترجیح دے رہے ہیں، تاہم کچھ کھلاڑی اب بھی تمام فارمیٹس کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ کھلاڑیوں، بورڈز، کوچز اور فرنچائزز کے درمیان بہتر رابطہ وقت کی ضرورت ہے تاکہ کرکٹ کے اس چیلنج کا متوازن حل نکالا جا سکے۔