ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری۔بنوں میں چھتیں گرنے سے 9 افراد جاں بحق۔ 47 زخمی

6 مکانات کو نقصان پہنچا۔ حادثات بنوں اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔ محکمہ موسمیات

               
March 30, 2026 · کائنات کے رنگ

ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ خیبر پختونخوا میں سوات، بنوں، ہنگو ،نوشہرہ،ٹانک، باجوڑ،کرک، پاراچنار، ملاکنڈ سمیت شمالی و جنوبی وزیرستان میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے9 افراد جاں بحق جبکہ 47 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 8 بچے اور خاتون شامل ہیں ۔بارشوں کے باعث 6 مکانات کو نقصان پہنچا۔ حادثات بنوں اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے منگل تک بارشوں کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ سرگودھا،بھکر، لودھراں، وہاڑی، چنیوٹ ،حافظ آباد بہاولپور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی بارش ہوئی

بنوں میں تیز بارشوں نے تباہی مچادی۔ کئی گھروں کی چھتیں گرگئیں ۔ چھتیں گرنے سے 9 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے۔

کوٹکہ غلام قادر میں برآمدہ گرنے سے دو بچے جاں بحق جبکہ 35افراد زخمی ہوئے ۔ والخئ ممہ خیل میں کمرے کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ۔ شمدی کلہ مندیو میں بھی کمرے کی چھت گرنے سے خاتون کی جان چلی گئی۔

پی ڈی ایم اے نے بارشوں پر جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی، بارشوں سے مختلف اضلاع میں 9 افراد جاں بحق، 47 زخمی ہوئے۔ حادثات بنوں اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔ صوبے میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ایبٹ آباد شہر اور گردونواح میں رات گئے سے مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ۔ نتھیاگلی دونگا گلی، ایوبیہ اور ٹھنیانی سمیت دیگر بالائی علاقوں میں بھی شدید بارشوں سے موسم قدرے سرد ہوگیا ۔ جبکہ میدانی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور سڑکوں پر پانی سے ٹریفک متاثر ہوگئ ۔ کئی علاقوں میں بجلی بھی معطل ہے۔