پاک چین نے جنگ ختم کرنے کے لیے 5 نکاتی امن ایجنڈا جاری کر دیا

کشیدگی کا فوری خاتمہ کیا جائے اور جنگ سے متاثرہ تمام علاقوں تک انسانی بنیادوں پر امداد کی بلا تعطل رسائی یقینی بنائی جائے۔ اعلامیہ

               
March 31, 2026 · اہم خبریں
فوٹو پریس ریلیز

فوٹو پریس ریلیز

اسلام آباد ،بیجنگ : چین اور پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے 5 نکاتی مشترکہ اقدام کا اعلامیہ جاری کردیا، جس کے مطابق دونوں ممالک نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔ 

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 31 مارچ کو اسحاق ڈار اور وانگ ژی کی ملاقات کے دوران خلیج اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے خطے میں امن و امان کی بحالی کے لیے دونوں ممالک نے یہ پانچ نکاتی اقدامات تجویز کیے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کشیدگی کا فوری خاتمہ کیا جائے اور جنگ سے متاثرہ تمام علاقوں تک انسانی بنیادوں پر امداد کی بلا تعطل رسائی یقینی بنائی جائے۔

اعلامیے کے مطابق امن مذاکرات فوری طور پر شروع کیے جائیں کیوں کہ گفت و شنید اور سفارت کاری ہی تنازعات کے حل کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایران اور خلیج کی ریاستوں کی خود مختاری، علاقائی سالمیت، قومی آزادی اور سiکیورٹی یقنی بنائے جائے۔ تمام فریق تنازعات کا پر امن حل تلاش کریں اور مذاکرات کے دوران طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی سے گریز کریں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہریوں اور غیر فوجی مقامات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ توانائی کے مراکز، پانی کو قابل استعمال بنانے والے مراکز اور پر امن مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی جوہری تنصیبات پر حملے روکے جائیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بحری گزر گاہوں کی حفاظت کی جائے۔ آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے جہازوں اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے، سول اور تجارتی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے بحری جہازوں کو محفوظ راستہ دیا جائے اور آبنائے ہرمز میں معمول کی آمد و رفت جلد از جلد بحال کی جائے۔

اقوام متحدہ کے تحت جامع امن کے لیے ایک فریم ورک تشکیل دیا جائے۔