48 گھنٹے میں ڈیل یا تباہی،ٹرمپ کی نئی دھمکی

ایران کو پہلے ہی معاہدہ کرنے اور اہم سمندری راستہ کھولنے کے لیے محدود وقت دیا گیا تھا،

               
April 4, 2026 · اہم خبریں

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کے لیے وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور اب صرف 48 گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔

اپنے تازہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران کو پہلے ہی معاہدہ کرنے اور اہم سمندری راستہ کھولنے کے لیے محدود وقت دیا گیا تھا، جو اب اختتام کے قریب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس مدت میں پیش رفت نہ ہوئی تو ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا کسی بھی ممکنہ پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہے اور آئندہ اقدامات کا انحصار ایران کے فیصلے پر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی سے متعلق کسی بھی درخواست پر غور اسی صورت میں کیا جائے گا جب اہم بحری گزرگاہ مکمل طور پر محفوظ اور فعال ہو۔

یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کوئی نئی بات نہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاملات پر اختلافات طویل عرصے سے جاری ہیں۔ ماہرین کے مطابق حالیہ بیانات سے خطے میں مزید تناؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

دفاعی و سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ آنے والے دن صورتحال کے لیے انتہائی اہم ثابت ہو سکتے ہیں، اور عالمی برادری کی نظریں اس پیش رفت پر مرکوز ہیں۔