پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس۔اہم انتظامی و مالیاتی امور کی منظوری
مالی سال2024-25 کے سالانہ آڈٹ شدہ مالیاتی اسٹیٹمنٹس کی باضابطہ منظوری دی گئی
قذافی سٹیڈیم لاہور میں پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا 82واں اجلاس چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اہم انتظامی اور مالیاتی امور کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے دوران مالی سال2024-25 کے سالانہ آڈٹ شدہ مالیاتی اسٹیٹمنٹس کی باضابطہ منظوری دی گئی، جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے گلوبل اینٹی کرپشن کوڈ کے مطابق پروسیجرل رولز کو بھی منظور کرلیا گیا۔ اجلاس میں سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ جدہ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی ڈویلپمنٹ کے لیے تعاون کے اظہارِ دلچسپی کی بھی منظوری دی گئی۔
مزید برآں جغرافیائی حدود کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور کے کرکٹ زونز کی دوبارہ حد بندی اور ان کے ناموں پر نظرثانی کی منظوری بھی دی گئی۔ بورڈ آف گورنرز نے عبداللہ خرم نیازی کو ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ میں نمایاں خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ گزشتہ 2 برسوں میں عبداللہ خرم نیازی نے ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کے لیے دن رات محنت کی۔ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے ٹیموں کی ریکارڈ نیلامی پر بھی اطمینان اور تشکر کا اظہار کیا گیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سرمایہ کاری کے لیے ایک بہترین مارکیٹ بن چکی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب یہ دنیا کی نمبر ون کرکٹ لیگ بن جائے گی۔ اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے اراکین انوار احمد غنی، طارق سرورسمیت دیگرشریک ہوئے، جبکہ ظہیر عباس اور سیکرٹری کیبنٹ نے آن لائن شرکت کی۔ اس کے علاوہ پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسرسمیت دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔