پی ایس ایل 11: پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

پشاور زلمی نے 146 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی آخری گیند پر حاصل کر لیا۔

               
April 8, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے ملنے والا 146 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی آخری گیند پر حاصل کر لیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 43 رنز کی اننگ کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا، کوشال مینڈس 27، مائیکل بریسویل 25، فرحان یوسف 15، محمد حارث 11 اور عبدالصمد ایک رن بنا کر پویلین لوٹے جبکہ افتحار احمد نے 15 اور عامر جمال نے 6 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے صائم ایوب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد علی، مہیش تھکشانا، حسان خان اور حنین شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم مقررہ 20 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 19ویں اوور کی دوسری گیند پر 145 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے کوشال پریرا 58 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان مارنوس لبوشانے 27، معاذ صداقت 17 اور صائم ایوب 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔

کنگزمین کے عرفان خان اور حسان خان 9،9 اور شرجیل خان 2 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مہیش تھکشانا، حسنین شاہ اور عثمان خان بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے یوں پوری ٹیم 145 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

پشاور زلمی کی جانب سے افتخار احمد اور سفیان مقیم نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4،4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عامر جمال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔