میں اپنے ایکشن پر نہیں بلکہ اچھی بولنگ پر انحصار کرتا ہوں، عثمان طارق

سندھ پریمیئر لیگ میں کھیل چکے ہیں، اس لیے کراچی کی کنڈیشنز اور اسپنرز کو ملنے والی سپورٹ کا اندازہ ہے

               
April 9, 2026 · اسپورٹس

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر عثمان طارق کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کے نام یا اس کے تاثر سے فرق نہیں پڑتا، میچ میں اچھی بولنگ کرنا سب سے اہم ہے۔

کراچی میں نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان طارق نے کہا کہ وہ سندھ پریمیئر لیگ میں کھیل چکے ہیں، اس لیے کراچی کی کنڈیشنز اور اسپنرز کو ملنے والی سپورٹ کا اندازہ ہے، تاہم گیم پلان موجودہ حالات کے مطابق بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کنڈیشنز عموماً اسپنرز کے لیے مددگار ہوتی ہیں اور وہ اسی حساب سے اپنی حکمت عملی ترتیب دیں گے۔

عثمان طارق نے کہا کہ ان کا بنیادی ہدف ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا اور اپنی کارکردگی کے ذریعے ٹیم کو ٹائٹل جتوانا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے سے اعتماد اور مائنڈ سیٹ مضبوط ہوتا ہے، جس کا فائدہ لیگ کرکٹ میں بھی ملتا ہے۔

پی ایس ایل میں اہداف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ کسی ایک بیٹر کو ٹارگٹ نہیں کرتے بلکہ ہر وکٹ اہم ہوتی ہے، کیونکہ تمام بیٹرز ہی حریف ہوتے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے موجودہ رجحان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ فارمیٹ بیٹرز کے لیے سازگار ہوتا جا رہا ہے، جس کے باعث بولرز کو زیادہ محنت اور ذہانت سے بولنگ کرنا پڑتی ہے۔

عثمان طارق نے مزید کہا کہ ہر بیٹر کے ارادے اور میچ کی صورتحال کے مطابق پلان تبدیل کرنا پڑتا ہے، چاہے مقصد ڈاٹ بالز کرانا ہو یا بیٹر کو شاٹ کھیلنے پر مجبور کرنا۔ شائقین کی واپسی خوش آئند ہوگی اور امید ہے کہ حالات بہتر ہونے کے بعد لوگ اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے آئیں گے۔