معاہدہ نہ ہونے کے باوجود اسلام آباد مذاکرات پاکستان کی بڑی کامیابی

فریقین کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا، ایک دوسرے کا موقف بہتر طور پر سمجھ گئے، امید کی کرن باقی

               
April 12, 2026 · قومی

اسلام آباد مذاکرات کے دوران امریکہ اور ایران میں کوئی معاہدہ نہ ہونے کے باوجود یہ بات چیت پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے جس کا اعتراف امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں کیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے دوران بھرپور، سنجیدہ اور مؤثر سفارتی کوششیں کرتے ہوئے نہ صرف جنگ بندی ممکن بنائی بلکہ دہائیوں بعد فریقین کو مذاکرات کی میز پر بھی بٹھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی قیادت میں پاکستانی سفارت کاری نے ثالثی کا اہم کردار ادا کیا، جسے دونوں فریقین نے تسلیم بھی کیا۔ اس دوران تقریباً 31 گھنٹوں پر محیط مسلسل سفارتی سرگرمیاں جاری رہیں، جن میں متعدد ادوار کے مذاکرات شامل تھے۔

اسلام آباد میں موجود سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران کافی پیش رفت اور مثبت نکات سامنے آئے، تاہم تنازع اپنی نوعیت کے اعتبار سے پیچیدہ، حساس اور دیرینہ ہے، جس میں کئی اختلافات کے ساتھ ساتھ بیرونی عناصر کی مداخلت بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق حاصل ہونے والی پیش رفت کا انحصار دونوں فریقین پر ہے، جو نہ صرف اپنے مؤقف پر قائم ہیں بلکہ داخلی دباؤ اور طویل المدتی مفادات کو بھی مدنظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس تناظر میں پاکستان کی کوششوں کو علاقائی اور عالمی امن کے لیے ایک غیر معمولی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے حالیہ بیان میں ثالثی کے دوران پیش کی گئی پیشکش کا ذکر امید کی ایک کرن کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین اب ایک دوسرے کے مؤقف کو بہتر طور پر سمجھ چکے ہیں اور آئندہ پیش رفت اسی بنیاد پر ممکن ہے۔ تاہم پاکستان کے لیے یہ مناسب نہیں کہ وہ مذاکرات کی تفصیلات عوامی سطح پر بیان کرے، کیونکہ اس میں رازداری کا عنصر شامل ہے اور اس کا کردار بطور ثالث رہا ہے۔