اسپورٹس جرنلزم میں پاکستان کو عالمی سطح پر بڑا اعزاز مل گیا
یہ اعزاز سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزانا میں منعقدہ اے آئی پی ایس کی 88ویں کانگریس کے دوران دیا گیا، جس میں دنیا بھر سے 111 ممالک کے نمائندگان شریک ہوئے۔
اسلام آباد: پاکستان کو عالمی سطح پر اسپورٹس جرنلزم میں ایک بڑا اعزاز حاصل ہو گیا ہے، جسے ملک کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی تنظیم ایسوسی ایشن انٹرنیشنل پریس آف اسپورٹس (AIPS) نے کھیلوں کی صحافت میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر امجد عزیز ملک کو ایگزیکٹو کمیٹی کا تاحیات اعزازی رکن منتخب کر لیا ہے۔
یہ اعزاز سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزانا میں منعقدہ اے آئی پی ایس کی 88ویں کانگریس کے دوران دیا گیا، جس میں دنیا بھر سے 111 ممالک کے نمائندگان شریک ہوئے۔
تقریب میں پاکستان کے علاوہ جاپان، اسپین، مالٹا، برازیل اور ترکی کے سینئر اسپورٹس صحافیوں کو بھی تاحیات اعزازی رکنیت دی گئی۔
اے آئی پی ایس کی 102 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی کو یہ اعزاز دیا گیا ہے، جو ملکی اسپورٹس جرنلزم کے لیے ایک اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان اس سے قبل بھی امجد عزیز ملک کو اسپورٹس جرنلزم میں خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغۂ امتیاز سے نواز چکی ہے۔
پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے عہدیداروں نے اس کامیابی کو ملک کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص مزید مضبوط ہوگا۔