امریکہ نے اسٹریٹجک ذخائر سے 26 ملین بیرل تیل کمپنیوں کو قرض دے دیا

ٹرمپ انتظامیہ کے 172 ملین بیرل کے وعدے کے تحت تیسری کھیپ ہے

               
April 18, 2026 · بام دنیا

امریکی محکمہ توانائی نے ویسٹ ہیک بیری سائٹ پر موجود اپنے اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو سے مزید 26.03 ملین بیرل خام تیل نو نجی آئل کمپنیوں کو قرض کی صورت میں فراہم کر دیا ہے۔

یہ اقدام انتر نیشنل انرجی ایجنسی کی عالمی تیل سپلائی کو مستحکم رکھنے کے لیے کی گئی کارروائی کے تحت ٹرمپ انتظامیہ کے 172 ملین بیرل کے وعدے کے تحت تیسری کھیپ ہے۔

اب تک ٹرمپ انتظامیہ صنعت کو مجموعی طور پر 126 ملین بیرل تیل تین مرحلوں میں فراہم کر چکی ہے، جس میں BP، ExxonMobil اور میراتھن پیٹرولئیم جیسی بڑی کمپنیاں شامل ہیں۔

امریکی محکمہ توانائی کے مطابق ہائیڈروکاربنز اور جیو تھرمل انرجی کے اسسٹنٹ سیکرٹری کائل ہوسٹویٹ نے کہا کہ اس ہنگامی تبادلے کے ذریعے محکمہ فوری سپلائی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو کو طویل مدتی طور پر مضبوط بنا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اضافی معیاری بیرل بغیر کسی لاگت کے واپس کیے جانے سے نہ صرف آج مارکیٹ کو استحکام ملتا ہے بلکہ مستقبل میں امریکی عوام کو بھی اس کا فائدہ ہوگا۔