آبنائے ہرمز میں پاسداران انقلاب کی بھارتی آئل ٹینکر پر فائرنگ،آبی گزرگاہ پھر بند

یہ واقعہ عمان کے شمال مشرق میں تقریباً 20 ناٹیکل میل کے فاصلے پر پیش آیا

               
April 18, 2026 · بام دنیا

بین الاقوامی مانیٹرنگ۔ آبنائے ہرمز میں ایک بار پھر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر فائرنگ کے واقعات کے بعد آبی گزرگاہ میں صورتحال غیر یقینی ہو گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی میری ٹائم سیکیورٹی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب سے منسلک دو گن بوٹس نے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا۔

یوکے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق یہ واقعہ عمان کے شمال مشرق میں تقریباً 20 ناٹیکل میل کے فاصلے پر پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے آئل ٹینکر اور اس کا عملہ محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری جانب شپنگ مانیٹرنگ ادارے ٹینکر ٹریکر کے مطابق واقعے میں دو بحری جہازوں کو واپس جانے پر مجبور کیا گیا، جن میں ایک بھارتی پرچم بردار سپر ٹینکر بھی شامل تھا۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک بڑا خام تیل بردار جہاز، جو عراقی تیل لے جا رہا تھا، بھی متاثر ہوا، جبکہ بعض جہازوں کو ریڈیو پیغامات موصول ہوئے جن میں آبی گزرگاہ کی عارضی بندش کا ذکر کیا گیا۔

مزید برآں مختلف شپنگ ذرائع نے بھی فائرنگ اور تجارتی جہازوں کو درپیش صورتحال کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد خطے میں سمندری تجارت پر خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔