امریکہ–ایران مذاکرات کا دوسرا دور۔جے ڈی وینس بدھ کو اسلام آباد پہنچنے کی توقع
ایران کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور میں وفد کی قیادت کریں گے
امریکہ ایران مذاکرات کے دورے دور کیلئے امریکی نائب صدر کے بدھ کو اسلام آباد پہنچنے کی توقع ہے۔
الجزیرہ کے مطابق وہ منگل کی شام واشنگٹن ڈی سی سے روانہ ہوں گے اور بدھ کی صبح یا دوپہر کے آغاز تک اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔
جے ڈی وینس امریکہ کی جانب سے ایران کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور میں وفد کی قیادت کریں گے، جس کے لیے بات چیت عارضی طور پر بدھ کے روز طے کی گئی ہے۔ امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے بھی پاکستان پہنچنے کی توقع ہے، جو پہلے دور کے وفد کے برابر سطح کی نمائندگی ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق کئی امریکی فوجی طیارے پہلے ہی ممکنہ مذاکرات سے قبل پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
تاہم ایرانی وفد کی آمد غیر یقینی ہے۔ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ باقر قالیباف نے منگل کو کہا کہ تہران “دھمکیوں کے سائے میں مذاکرات کو قبول نہیں کرتا”، جس سے دوسرے دور کی بات چیت کے انعقاد پر شکوک پیدا ہو گئے ہیں۔
ایران اور امریکہ کے درمیان پاکستان کی کوششوں سے ہونے والے دو ہفتے کی جنگ بندی ختم ہونے کے قریب ہے۔
ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ اگر تہران سے معاہدہ نہ ہوا تو جنگ بندی میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
7 اپریل کو شروع ہونے والی اس جنگ بندی کے ختم ہونے کا وقت امریکہ کے حساب سے بدھ کی صبح 8 بجے ہے، تہران میں جمعرات صبح کے ساڑھے 3 بجے اور پاکستان کے وقت کے حساب سے جمعرات صبح کے 5 بجے یہ جنگ بندی ختم ہو رہی ہے۔