جنگ بندی میں وزیراعظم ،فیلڈ مارشل کے کردار کا اعتراف،امریکی کانگریس رکن کا خط

پاکستان کے سفارتی کردار پر امریکا میں اعتراف اور تعریفی اظہار

May 16, 2026 · قومی

جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کی تعریف

امریکا ایران جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، امریکی رکن کانگریس جیک برگمین نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام تعریفی خط ارسال کیا ہے۔

کانگریشنل پاکستان کاکس کی جانب سے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے لیے مخلصانہ تشکر اور دیرپا قدردانی کا اظہار کیا گیا ہے۔

کانگریشنل پاکستان کاکس کے شریک چیئرمین جیک برگمین نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم اور مؤثر کردار ادا کیا، جو ریاستی بصیرت کی واضح مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جاری امن مذاکرات میں پاکستانی قیادت کی رہنمائی قابلِ تحسین ہے اور اس پر دلی شکریہ ادا کیا جاتا ہے۔

جیک برگمین کے مطابق پاکستان اور امریکا کے تعلقات دیرپا اسٹریٹجک اہمیت رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔

امریکی رکن کانگریس نے کہا کہ وائٹ ہاؤس اور امریکی کانگریس پاکستان کے سفارتی کردار کو تسلیم کر چکے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔